قومی خبریں

خواتین

فوجی گاڑی کھائی میں گرنے سے 5 جوان ہلاک

پونچھ میں دردناک حادثہ10 زخمی اسپتال میں داخل

جموں و کشمیر میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں 5 فوجی جوانوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس حادثہ میں کم از کم 10 جوان زخمی بھی ہو ئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دراصل منگل کو ایک فوجی گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے 300 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ فوج کی جانب سے اس حادثے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یہ حادثہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بلنوئی میں پیش آیا ہے۔ پونچھ کا یہ علاقہ، جہاں فوجی جوان حادثے کا شکار ہوئے ہیں، ایل او سی کے پاس ہی پڑتا ہے۔
حادثے کے متعلق ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق فوج کی گاڑی جوانوں کو پوسٹ کی طرف لے جا رہی تھی۔ اسی درمیان گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔ اطلاع ملنے کے ساتھ ہی فوج کی راحت اور بچاؤ ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر کھائی سے نکالنے کی کارروائی شروع کر دی۔ فوج کی جانب سے آفیشیل طور پر اب تک 5 جوانوں کے موت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حادثے میں جو 10 فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں ان میں سے کئی ایک ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ایسا مانا جا رہا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جموں و کشمیر میں اسی طرح کا ایک اور حادثہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا۔ جس میں ایک فوجی جوان کی جان چلی گئی تھی جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ 4 نومبر کو کالاکوٹ کے بڈوگ گاؤں کے پاس پیش آیا تھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *