Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

بی جے پی کے ذریعہ قوانین کی خلاف ورزی کرایڈہاک کمیٹی کے انتخابات کرانے پر ہنگامہ

آپ کونسلروں نے میئر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، الیکشن کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا

کونسلرز کی جمہوری آئینی عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش،پریذائیڈنگ آفیسر کے ساتھ بدسلوکی :میئر
آپ کونسلروں نے میئر کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور سیکورٹی اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی :پرویش واہی

نئی دہلی، 3 ستمبر(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایم سی ڈی ایڈہاک کمیٹی کے انتخابات کرانے پر بی جے پی کے خلاف سوک سینٹر میں زبردست احتجاج کیا۔ شیڈول کاسٹ/شیڈولڈ ٹرائب (ایس سی /ایس ٹی) ویلفیئر کمیٹی کے لیے انتخابات جمعرات کو سہ پہر 3 بجے مقرر تھے۔ تاہم، بی جے پی کی زیرقیادت ایم سی ڈی نے قواعد اور جمہوری عمل کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دوپہر 2:50بجے انتخابات کا انعقاد کیا۔ مزید برآں، قواعد کے برعکس اقدام کرتے ہوئے انہوں نے کمیٹی میں دلت اراکین کی تعداد 35 سے کم کر کے 21 کر دی تاکہ اپنے چیئر پرسن اور ڈپٹی چیئرپرسن کی تقرری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ احتجاج میں، اے اے پی کونسلروں نے میئر کے دفتر کا گھیراو ¿ کیا اور انتخابات کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے پر بات کرتے ہوئے ایم سی ڈی میں اپوزیشن لیڈر انکش نارنگ نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی ایم سی ڈی نے جمعرات کو سوک سینٹر میں ایڈہاک کمیٹی کے انتخابات کے دوران ایک بار پھر اپنے دلت مخالف رویہ کو بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی “چار انجن والی سرکار” کی دلت مخالف ذہنیت ایک بار پھر پوری دہلی کے سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی جس میں 35 ارکان ہوتے تھے، بی جے پی کے پاس ضروری تعداد نہ ہونے کی وجہ سے 21 ارکان رہ گئے۔ بی جے پی کے پاس صرف 11 دلت کونسلر تھے، جبکہ آپ کے پاس 29 تھے (حالانکہ ان کی تعداد 13 اور ہمارے 27 دو ممبران کے بی جے پی میں جانے کے بعد)۔ بی جے پی کو اچھی طرح معلوم تھا کہ آپ کے پاس اکثریت ہے اور چیئرپرسن اور ڈپٹی چیئرپرسن ہماری پارٹی سے ہوں گے۔ نتیجتاً، اپنی گھٹیا ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے، انہوں نے 14 دلت کونسلرز کو خارج کر دیا جو کمیٹی میں شامل ہو سکتے تھے اور اپنی برادری سے متعلق مسائل اٹھا سکتے تھے۔
ادھر میئر پرویش واہی نے جمعرات کو آپ کے کونسلروں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے ایم سی ڈی کے جمہوری اور آئینی انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کی ٹھوس کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ایڈہاک‘ شیڈول کاسٹ ویلفیئر کمیٹی اور شیڈول کاسٹ امیدواروں کے کوٹہ کے نفاذ کی نگرانی کر نے والی کمیٹی کے لیے انتخابی عمل شیڈول کے مطابق شروع ہو چکا ہے۔ حالانکہ، آپ کے کونسلر موقع پر پہنچے، جان بوجھ کر ہنگامہ برپا کیا، اور پریزائیڈنگ افسر کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آئے۔
میئر پرویش واہی نے کہا کہ سب سے افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عام آدمی پارٹی نے الیکشن کے لیے امیدوار بھی نامزد نہیں کیا۔ اس کے باوجود آپ کے کونسلر انتخابی مقام پر پہنچے اور غیر ضروری گڑبڑ پیدا کرکے آئینی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے دلیل دی کہ جب کسی سیاسی جماعت نے امیدوار کھڑا نہیں کیا تو انتخابی عمل کو روکنے یا ایوان کے ادارہ جاتی کام میں خلل ڈالنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
میئر نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اختلاف رائے اور احتجاج کا حق حاصل ہے، ہنگامہ آرائی کرنا، بدتمیزی کرنا، پریزائیڈنگ افسر کی توہین کرنا اور آئینی عمل کو زبردستی روکنے کی کوشش کرنا جمہوری حقوق میں شامل نہیں ہیں۔ ایسے اقدامات جمہوری اداروں کے وقار کو براہ راست چیلنج کرتے ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *