
نئی دہلی، 30 اگست(میرا وطن نیوز)
آل انڈیا مومن کانفرنس کی جانب سے غالب اکیڈمی، حضرت نظام الدین میں دہلی اسٹیٹ کے سابق صدر فہم الدین انصاری اور سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر مشتاق انصاری کے انتقال پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی۔ نشست میں مومن کانفرنس کے عہدیداران و کارکنان، سماجی شخصیات، مرحومین کے اہلِ خانہ اور ان سے دیرینہ تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مرحومین کی ملی، تنظیمی، سماجی و فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نشست کی صدارت آل انڈیا مومن کانفرنس کے صدر فیروز احمد انصاری نے کی، جبکہ ورکنگ صدر حا جی عمران انصاری، سکریٹری جنرل عبدالرشید انصاری، نائب صدر سبحان انصاری اور دیگر عہدیداران نے مرحومین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال کو کانفرنس کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔اس موقع پر آفتاب عالم انصاری، جمیل انصاری اور محمد ظفر انصاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مرحومین کی خدمات کو یاد کیا۔
مرحوم فہم الدین انصاری کے صاحبزادے وسیم انصاری نے بتایا کہ ان کے والد کا مومن کانفرنس سے مضبوط تعلق تھا اور وہ تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ سماجی خدمت میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔ ڈاکٹر مشتاق انصاری کے صاحبزادے بلال انصاری نے کہا کہ ان کے والد ہمیشہ لوگوں کے بارے میں اچھا سوچنے اور بے غرض تعلقات قائم رکھنے کی تلقین کرتے تھے۔ان کی صاحبزادی عظمیٰ نے بھی جذباتی انداز میں اپنے خیالات اور اشعار پیش کیے۔
مومن کانفرنس کی سکریٹری صغریٰ انصاری نے فہم الدین انصاری کی تنظیمی خدمات کو یاد کیا۔ عبدالرشید انصاری نے دونوں مرحومین کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔حاجی عمران انصاری نے کہا کہ فہم الدین انصاری دہلی اسٹیٹ کے صدر اور خازن بھی رہے اور انصاری برادری کی ڈائریکٹری کی تیا ر ی میں بھی کوشش کی۔ ڈاکٹر مشتاق انصاری مسلسل فلاحی سرگرمیوں سے وابستہ رہے اور مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ منعقد کراتے تھے۔
اختتام پر فیروز احمد انصاری نے کہا کہ فہم الدین انصاری نے مومن کانفرنس کے مشکل دور میں دونوں گروپوں کو قریب لانے اور تنظیم کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آخر میں مرحومین کے لیے مغفرت، بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔
No Comments: