
نئی دہلی، 22اگست(میرا وطن نیوز)
عام آدمی پارٹی کے کونڈلی سے رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے بگڑتی ہوئی امن و قانون کی صورتحال کے سلسلے میں دہلی پولیس کمشنر کو خط لکھ کر ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔انہوں نے ایکس پر خط شیئر کر تے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی اسمبلی حلقے اور دہلی میں مسلسل بگڑتی ہوئی امن و قانون کی صورتحال، بڑ ھتے ہوئے جرائم اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے سلسلے میں اپنے رکن اسمبلی کے نمائندہ وفد کے ساتھ دہلی پولیس کمشنر سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے۔ خراب امن و قانون کے باعث سرِعام قتل جیسے سنگین جرائم ہونے سے لوگوں میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول ہے۔ ہمیں امید ہے کہ پولیس کمشنر معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جلد از جلد ملاقات کا وقت دیں گے۔
ہفتہ کو کونڈلی کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے دہلی پولیس کمشنر کو خط لکھ کر کہا کہ میرے کونڈلی اسمبلی حلقے میں گزشتہ کچھ عرصے سے امن و قانون کی صورتحال مسلسل تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک صفائی ملازم کا سرِعام قتل اور اس کے بعد ایک اور نوجوان کا قتل ہوا ہے۔ ان سنگین واقعات نے علاقے کے لوگوں کے دلوں میں خوف، عدم تحفظ اور تشویش کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان واقعات کے ساتھ ساتھ اسمبلی حلقے کے مختلف علاقوں میں منشیات کے غیر قانونی کاروبار اور نشہ آور اشیا کی فروخت کی شکایات بھی مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ یہ صورتحال خاص طور پر نوجوانوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
No Comments: