
نئی دہلی، 23 جولائی(میرا وطن نیوز )
نیشنل فیڈریشن آف یوتھ موومنٹ (این ایف وائی ایم ) نے دہلی میں حالیہ طلبہ احتجاج کے دوران مبینہ پولیس تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کے سلسلے میں قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کے روبرو ایک شکایت درج کرائی ہے۔ تنظیم نے معاملے کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ، شفاف اور وقت مقررہ کے اندر مکمل ہونے والی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
شکایت میں پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف دہلی پولیس کی جانب سے ضرورت سے زیادہ اور غیر متناسب طاقت کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ شکایت میں پیلٹ گن کے استعما ل، الیکٹرو شاک بیٹن، حد سے زیادہ لاٹھی چارج، غیر قانونی حراست، جسمانی تشدد اور خواتین مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی جیسے سنگین الزامات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
این وائی ایف ایم نے کمیشن کی توجہ ان اطلاعات کی جانب بھی مبذول کرائی ہے جن کے مطابق احتجا ج کی کوریج کرنے والے صحافیوں، طلبہ کے ساتھ موجود اساتذہ، جائے احتجاج پر موجود والدین، اور زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی رضاکاروں کو بھی مبینہ طور پر دھمکی، تشدد، اپنے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ اور پولیس کے نامناسب رویّے کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر این ایف وائی ایم کے چیئر مین مسیح الزماںانصاری نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی انسانی حقو ق کمیشن اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک قابل اعتماد اور غیر جانب دارانے تحقیقا ت کو یقینی بنائے گا اور متاثرہ تمام افراد کے آئینی و انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کرے گا ۔یہ ناطلاع سید احمد علی سکریٹری میڈیا و تعلقات عامہ این ایف وائی ایم نے جاری پریس بیان میں دی ہے ۔
No Comments: