Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

مدھیہ پردیش میں ہزاروں خواتین کی گمشدگی تشویش ناک:رحمت النسائ

نئی دہلی،24فروری (میرا وطن)
جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی قومی سکریٹری رحمت النساءعبدالرزاق نے مدھیہ پردیش اسمبلی میں پیش کیے گئے چونکا دینے والے اعداد و شمار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، جس میں انکشاف ہوا کہ گزشتہ چھ برسوں کے دوران ریاست میں لاپتہ قرار دی گئی 2,69,500 خواتین اور لڑکیوں میں سے 50 ہزار سے زائد اب تک بازیاب نہیں ہو سکیں۔ ان میں تقریباً 48 ہزار خواتین اور 2,200 لڑکیاں ایسے معاملات میں شامل ہیں جو تاحال ’زیرِ التوا‘ درج ہیں۔
میڈیا کو جاری بیان میںمحترمہ رحمت النساءنے کہا کہ یہ اعداد و شمار محض نمبر نہیں بلکہ ہر عدد کے پیچھے ایک زندہ انسان، ایک بیٹی، بہن یا ماں کی کہانی ہے۔ ان کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں خواتین اور بچیوں کا لاپتہ ہونا ہمارے سماجی ضمیر اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتِ حال اس گہری صنفی ناانصافی کی نشاندہی کرتی ہے جو خواتین کو انسانی اسمگلنگ، استحصال اور تشدد جیسے خطرات سے دوچار کرتی ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی توجہ دلائی کہ اندور، بھوپال، گوالیار اور جبل پور جیسے بڑے شہری مراکز میں ہزاروں خواتین کی گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہونا اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ شہری علاقوں میں فوری طور پر ”اربن سیفٹی آڈٹس“ کرائے جائیں اور پولیسنگ کو صنفی حساس بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات، تعلیمی اداروں، کام کی جگہوں اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو خواتین کے لیے محفوظ بنانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *