کولکاتا:مغربی بنگال پولیس نے کولکاتا واقع آر جی کر اسپتال میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر سے عصمت دری اور پھر قتل معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ گرفتار کیے گئے تالا تھانہ انچارج ابھیجیت منڈل کو بدھ کے روز معطل کر دیا۔ افسران نے اس سلسلے میں بتایا کہ ابھیجیت کو مغربی بنگال حکومت کے سروس اصولوں کے مطابق معطل کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اصولوں کے مطابق کوئی بھی سرکاری ملازم، جسے کسی بھی قانون کے تحت 48 گھنٹے سے زیادہ کی مدت کے لیے احتیاطی حراست میں رکھا گیا ہو یا اس کے خلاف کوئی مجرمانہ الزام یا دیگر کسی طرح کی کارروائی ہوتی ہے تو اسے تقرر کرنے والے افسر کے حکم سے معطل مانا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے ابھیجیت منڈل کو ثبوتوں سے مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے میں ہوئی تاخیر کے لیے 14 ستمبر کو گرفتار کیا تھا۔ وہ فی الحال سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔ آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال میں 9 اگست کو ڈیوٹی کے دوران زیر تربیت خاتون ڈاکٹر سے عصمت دری اور قتل کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد پورے ملک میں ایک زبردست غم و غصہ کی لہر دیکھنے کو ملی، جو ہنوز برقرار ہے۔
No Comments: