بلند شہر: بلند شہرمیں شکار پور – بلند شہر سڑک پر اتوار کی صبح میکس پک اَپ اور پرائیویٹ بس کے درمیان زبردست تصادم میں 8 افراد کی دردناک موت ہوگئی ہے جبکہ 21 افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ایمرجنسی میں علاج کے لیے ڈاکٹروں کی ٹیم جمع ہوگئی ہے۔ حادثے میں مرنے والے سبھی لوگ علی گڑھ ضلع کے اترولی تحصیل کے گاؤں رائے پور خاص اہیر نگلا کے باشندے ہیں۔
پولیس کی اطلاع کے مطابق علی گڑھ جنپد کی اترولی تحصیل کے گاؤں رائے پور خاص اہیر نگلا کے 40 سے زیادہ لوگ غازی آباد سے علی گڑھ جا رہے تھے۔ یہ لوگ غازی آباد کے بلند شہر روڈ بی-10 واقع برٹانیہ ڈیلٹا فوڈ کمپنی میں نوکری کرتے تھے۔ سبھی لوگ میکس پک اپ گاڑی میں سوار ہوکر غازی آباد سے اپنے گھر کے لیے جا رہے تھے، اسی درمیان سلیم پور تھانہ حلقہ میں سامنے سے آرہی ایک پرائیویٹ بس نے پک اپ کو زوردار ٹکر مار دی۔ حادثہ میں 5 لوگوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 3 دیگر نے اسپتال کی ایمرجنسی میں دم توڑ دیا۔
No Comments: