Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

ساتوں اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کےلئے راجیہ سبھا کے چیئر مین اور نائب صدر جمہوریہ کو عرضی بھیجی

بھاجپا پہلے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعہ لیڈروں کو ڈرا کر اپنی پارٹی میں شامل کرلیتی ہے :سنجے سنگھ

نئی دہلی، 26اپریل(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے عوام کے ساتھ غداری کرکے بی جے پی میں شامل ہونے والے راگھو چڈھا سمیت تمام اراکین پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کے لیے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدرِ جمہوریہ کو اپنی عرضی بھیج دی ہے۔ اتوار کو یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ آئینی ماہرین بھی یہ مان رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو نے والے تمام اراکین کی رکنیت ختم ہونا طے ہے۔ ان ساتوں اراکین نے نہ صرف آپ سے غداری کی ہے بلکہ پنجاب کے عوام، جمہوریت اور آئین کے ساتھ بھی دھوکہ کیا ہے۔ بی جے پی توڑ پھوڑ کی سیاست میں ماہر ہے۔ وہ پہلے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے اپوزیشن لیڈروں کو ڈراتی ہے اور پھر انہیں اپنی پارٹی میں شامل کر لیتی ہے۔
اتوار کو آپ ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ آئین کے ماہرین، ملک کے سینئر وکیل اور آئینی ماہرین جیسے کپل سبل، پی ڈی ٹی آچاریہ سمیت کئی لوگوں نے واضح کر دیا ہے کہ جن سات افراد نے عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ان سب کی رکنیت یقینی طور پر ختم ہوگی۔ ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں این ڈی اے سے وابستہ سپریم کورٹ کے ایک وکیل نے بھی صاف کہا کہ ان لیڈروں کی رکنیت ہر حال میں جائے گی۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ تمام ماہرین سے بات چیت اور کپل سبل کی رائے لینے کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور ملک کے نائب صدر کو ایک عرضی بھیجی ہے۔ اس عرضی میں درخواست کی گئی ہے کہ آ ئین کی دسویں شیڈول کے اصولوں کے مطابق ان ساتوں اراکین کی رکنیت مکمل طور پر ختم کی جائے۔ انہوں نے نائب صدر (چیئرمین) سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی جلد از جلد سماعت کی جائے اور منصفانہ فیصلہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اس لیے ضروری ہے کیونکہ جب کوئی لیڈر کسی ایک پارٹی سے منتخب ہو کر آتا ہے تو اس کے بعد ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اسے توڑا جاتا ہے اور بی جے پی اسے اپنی پارٹی میں شامل کر لیتی ہے، جو سراسر غلط ہے۔ یہ جمہوریت کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے۔ یہ پنجاب کے عوام کے ساتھ بھی غداری ہے اور ملک کے آئین کا بھی مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ اس لیے انہیں یقین ہے کہ چیئرمین جلد فیصلہ کرتے ہوئے ان کی رکنیت ختم کریں گے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *