مراد آباد : سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق کا آج انتقال ہو گیا۔ وہ93 برس کے تھے اور علیل ہونے کی وجہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ آج صبح انھوں نے آخری سانس لی ۔بتایا جاتا ہے کہ شفیق الرحمن کی طبیعت اس ماہ کے آغاز میں بگڑی تھی جس کے بعد انھیں مراد آباد واقع ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی دیکھ بھال ڈاکٹرپوتی کر رہی تھی ۔ برق کا انتقال سماجوادی پارٹی کے لیڈران و کارکنان کے لیے شدید جھٹکا ہے، کیونکہ پارٹی نے انھیں آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لیے بھی امیدوار بنایا تھا اور وہ جیت کے مضبوط دعویدار تھے۔
شفیق الرحمن برق موجودہ لوک سبھا میں اتر پردیش کے سنبھل لوک سبھا حلقے کی نمائندگی کررہے تھے ،ان کی پیدائش 11 جولائی 1930 کوسنبھل میں ہی ہوئی تھی۔ شفیق الرحمن برق چار بار رکن اسمبلی اور پانچ بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں۔ انھوں نے پہلی بار سماجوادی پارٹی کی ٹکٹ پر 1996 میں لوک سبھا انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014 میں انھوں نے بی ایس پی کی طرف سے لوک سبھا انتخاب لڑا تھا اور اس میں بھی جیت حاصل کی تھی۔
سماجوادی پارٹی نے شفیق الرحمن برق کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سماجوادی پارٹی نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر، کئی بار کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق صاحب کا انتقال، انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کی روح کو سکون حاصل ہواور غمزدہ رشتہ داروں کو صبر ملے۔
No Comments: