قومی خبریں

خواتین

عصمت دری متاثرین کودس دن میں انصاف دلانےکا ممتا کا اعلان

وزیر اعلیٰ نےکہا ’:بی جے پی نے قصداً لاشوں کی سیاست کرنے کے لیے بند کا اعلان کیا ہے

کولکاتا کے آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری و قتل معاملہ پر احتجاجی مظاہرے ہنوز جاری ہیں۔ بی جے پی نے آج ’بنگال بند‘ بھی کیا ہے، لیکن اس تعلق سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’بی جے پی انصاف نہیں چاہتی، وہ صرف بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ’’ہم ایسا قانون لائیں گے جس میں 10 دنوں کے اندر عصمت دری متاثرین کو انصاف ملے گا۔
عصمت دری متاثرین کو انصاف دلانے پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز کہا کہ آئندہ ہفتے ہم اسمبلی اجلاس بلائیں گے۔ ہم مغربی بنگال میں عصمت دری متاثرین کو انصاف دلانے کے مقصد سے نیا قانون لائیں گے، جہاں محض 10 دنوں میں کیس ختم ہو جائے گا۔ اس تجویز کو منظوری کے لیے گورنر کے پاس بھیجیں گے۔ اگر گورنر اسے منظور نہیں کرتے ہیں تو راج بھون کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔
بی جے پی کے ذریعہ آج طلب کیے گئے 12 گھنٹے کے ’بنگال بند‘ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہم نے آج کا دن آر جی کر ڈاکٹر کو وقف کیا ہے۔ ہم اس معاملے مین انصاف چاہتے ہیں، لیکن بی جے پی نے آج بند کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ لوگ انصاف نہیں چاہتے، بلکہ صرف بنگال کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے قصداً لاشوں کی سیاست کرنے کے لیے بند کا اعلان کیا ہے۔ وہ ڈاکٹروں کے مظاہرہ کو بھٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں ان کی مذمت کرتی ہوں۔ بی جے پی کے لوگوں نے بس کو آگ لگا دی ہے، پولیس پر بے رحمی سے حملہ کیا ہے۔ ریل خدمات بھی متاثر کی گئی ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *