حیدرآباد:ملازمت کے نام پر ایجنٹ کے دھوکے کا شکار ہونے والے حیدرآباد کے 30 سالہ نوجوان کی یوکرین میں روسی فوج کی جانب سے لڑتے ہوئے موت ہوگئی۔ ایجنٹ نے اس سے روس میں ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہاں اسے روسی فوج میں شامل ہونے اور یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے مجبور کیا گیا۔ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے نے بدھ (6 مارچ) کو حیدرآباد کے محمد اسفان کی موت کی تصدیق کی، لیکن موت کی وجہ نہیں بتائی۔
سفارتخانے نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ہمیں ایک ہندوستانی شہری محمد اسفان کی المناک موت کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔ ہم اہل خانہ اور روسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ہم ان کی میت کو ہندوستان واپس بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ اسفان کی موت کی خبر ملتے ہی اس کے اہل خانہ زبردست صدمے سے دوچار ہوگئے۔ اس کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ایک 8 ماہ کی بیٹی اور 2 سالہ بیٹا ہے۔ ان کے بھائی محمد عمران نے کہا ہے کہ ’’وہ ابھی کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔‘‘ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بازار گھاٹ علاقہ میں رہنے والے اسفان کے خاندان کو اس کی موت کی اطلاع دی۔
No Comments: