
نئی دہلی، 24 جولائی(میرا وطن نیوز)
سوشل میڈیا مہم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے جمعہ کو ملک گیر طلبہ تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔مہم کے سربراہ ابھجیت دیپکے نے دہلی کے جنتر منتر پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”ملک کے نوجوانوں کا صرف ایک سادہ اور واضح مطالبہ ہے کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔ جنتر منتر پر احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہو جاتے۔ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یا حکومت اس مسئلے کا حل چاہتی ہے تو اس کا واحد راستہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر بے حد خوشی اور اطمینان ہے کہ ماہر ماحولیات سونم وانگچک نے اپنی 26 روزہ بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔ ان کے مطابق وانگچک نے طلبہ کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ کسی بھی طالب علم کے خلاف کوئی مقدمہ درج کیا جائے، یہی ان کی بنیادی شرط تھی۔
ابھجیت دیپکے نے کہا، ’ہم سونم وانگچک کے بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پورے ملک کے عوام کو بیدار کیا۔ انہوں نے اس ملک اور آنے والی نسلوں کے لیے جو قربانی دی ہے، اسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کی کوششوں کی بدولت پورے بھارت میں بیداری آئی اور ایک بڑی عوامی تحریک نے جنم لیا۔‘
قابل ذکر ہے کہ سی جے پی نے آج ملک کے ہر ضلع میں ایک روزہ پرامن احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس مہم کا مقصد ’ہر ضلع، ایک دن، ایک مطالبہ‘ کے پیغام کے تحت ملک بھر میں یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
واضح رہے کہ طلبہ تحریک کی قیادت کرنے والی سی جے پی کی جانب سے ’سنسد چلو‘مارچ کے اعلان کے بعد 20 جولائی کو ہزاروں طلبہ نے احتجاج میں شرکت کی تھی۔ مظاہرین نے تعلیمی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں، امتحانی پرچہ لیک کے واقعات اور ان معاملات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
No Comments: