Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

اردو اکادمی، دہلی کے زیر اہتمام ہندی بھون میں مشاعرہ ¿ جشن آزادی کا انعقاد

ملک کی آزادی کی قدر و منزلت کو اجاگر کیا جائے :سکریٹری اردو اکادمی لیکھ راج

نئی دہلی، 22 اگست(میرا وطن نیوز )
اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پر ہندی بھون، آئی ٹی او میں ’مشاعرہ جشن آزادی‘کا انعقاد کیا گیا۔ مشاعرے میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معروف شعر ائے کرام نے شرکت کی اور اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کے علاوہ شعرو ادب سے وابستہ شخصیات اور ادب نواز سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پروگرام کے آغاز میں اردو اکادمی، دہلی کے سکریٹری لیکھ راج نے مہمان خصوصی قومی اقلیتی کمیشن کے وائس چیئر مین عاطف رشیدکو پودا پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد اکادمی کے سینئر کارکنان محمد ہارون اور عزیر حسن قدوسی نے مہمان مکرم سابق چانسلر، مولانا آزاد اردو یونیورسٹی فیروز بخت اور مہمانِ اعزازی عبدالماجد نظامی، ایڈمنسٹریٹیو ہیڈ وگروپ ایڈیٹر، سہارا انڈیا میڈیا کو پودے پیش کرکے خیرمقدم کیا ۔اورسکریٹری لیکھ راج نے مشاعرے میں شرکت کرنے والے تمام شعرائے کرام کو پھول پیش کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
مشاعرے کی صدارت کی ذمہ داری ہندی اور اردو کے معروف شاعر دکشت دنکوری کو سونپی گئی، جبکہ نظا مت کے فرائض معروف شاعر اعجاز انصاری نے انجام دیے۔ بعد ازاں سکریٹری اردو اکادمی، مہمانا ن خصوصی اور شعرائے کرام نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے مشاعرے کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر سکریٹری اکادمی لیکھ راج نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو اکادمی ہر سال جشن آزا دی کے موقع پر مشاعرے کا انعقاد اس جذبے کے ساتھ کرتی ہے کہ ملک کی آزادی کی قدر و منزلت کو اجاگر کیا جائے اور ان عظیم شہداء، مجاہدینِ آزادی اور جانباز سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے، جن کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی حفاظت کرنا اور اس کی اقدار کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشتر کہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے دہلی سرکار کی جانب سے اردو اکادمی کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں اور پروگراموں کی حوصلہ افز ا ئی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور وزیرِ فن، ثقافت و السنہ، کپل مشرا کی مثبت اور حوصلہ افزا کوششوں کے نتیجے میں اردو اکادمی اپنے ادبی و ثقافتی پروگراموں کو مزید وسعت اور خوبصورتی کے ساتھ پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ مشاعرہ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت منعقد کیے جانے والے اہم پروگراموں میں سے ایک ہے، جس کے ذریعے قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر فیروز بخت ،عبدالماجد نظامی اورعاطف رشید نے اظہار خیال کیا ۔مشاعرہ میں دکشت دنکور ی ،شکیل اعظمی،اقبال اشہر،خورشید حیدر،اعجاز انصاری،جاوید مشیری،الطاف ضیاء،علینہ عطرت، وار ث وارثی،نکہت امروہی،شاکر دہلوی،ریشماں زیدی،راہی نظامی،ہمانشی بابرہ اورشکیل بریلوی نے اپنے اشعار قارئین کے لیے پیش کئے۔مشاعرے کے اختتام پر اکادمی کی جانب سے پروگرام کے ناظم اطہر سعید نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمانان، شعرائے کرام، سامعین، منتظمین اور شرکائے پروگرام کا صمیمِ قلب سے شکریہ ادا کیا۔ ان کے کلماتِ تشکر کے ساتھ مشاعرہ ¿ جشن آزادی قومی یکجہتی و باہمی محبت کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *