
نئی دہلی، 6جون(میرا وطن نیوز )
دہلی میں پانی کا بحران بدستور برقرار ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے پانی کی قلت سے پریشان عوام کے حق میں مسلسل جدوجہد کر رہی عام آدمی پارٹی نے ہفتہ کو ایک بار پھر بی جے پی سرکارکے خلاف مٹکا پھوڑ احتجاج کیا۔ آپ کے رکن اسمبلی وشیش روی کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج کے دوران کارکنا ن اور مقامی باشندوں نے بی جے پی سرکارکے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور صاف وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس موقع پر وشیش روی نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے راجدھانی میں پانی کا شدید بحران جاری ہے۔د ہلی میں بی جے پی کی چار انجن والی سرکار موجود ہے، لیکن اس کے باوجود وہ عوام کو پانی جیسی بنیادی سہو لت فراہم کرنے میں بھی ناکام ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ان کے علا قے میں پانی کی شدید قلت ہے۔ پورے دن میں ایک بار بھی مناسب طریقے سے پانی فراہم نہیں کیا جا رہا اور جب متعلقہ افسران سے اس بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو کوئی جواب نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کے بیانات سن کر تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہلی اب بھگوان بھرو سے چل رہی ہے۔ اگر ہمارے علاقے کے پانی کے مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا تو ہم اس سے بھی بڑا احتجا ج کریں گے۔
No Comments: