
صفائی کو بہتر بنانے کےلئے 50 کروڑ روپے کی نئی جدید مشینری خریدی جائے گی:پرویش واہی
صفائی برقرار رکھنے میں ناکام رہنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
صفائی، معیاری تعلیم، اور بنیادی صحت کی خدمات کے حوالے سے مثبت اقدامات کیے جائیں گے
ترقیاتی کاموں ملے گی رفتار، شہریوں کو دستیاب شہری سہولیات کو بنایا جائے گا بہتر: جے بھگوان یادو
نئی دہلی ،29اپریل (میرا وطن نیوز )
بی جے پی کے پرویش واہی دہلی میونسپل کارپوریشن کے جنرل ہاو ¿س میٹنگ میں ہوئے انتخابا ت کے دوران دہلی کے نئے میئر منتخب کر لئے گئے، جبکہ بی جے پی کی مونیکا پنت کو ڈپٹی میئر منتخب کیا گیا۔ واہی نے کانگریس امیدوار حاجی ظریف کو 147 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔کل 165 ووٹ ڈالے گئے ۔ پرویش واہی نے 156 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ظریف کو 9 ووٹ ملے۔ اس سے پہلے پرویش واہی ایم سی ڈی میں قائد ایوان کے طور پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں اور وارڈ نمبر 53 (روہنی- ایسٹ ) کے کونسلر ہیں۔ حاجی ظریف وارڈ نمبر 234 کبیر نگر کے کانگریس کے کونسلر ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔
میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے بعد اسٹینڈنگ کمیٹی کے تین ممبران بلامقابلہ منتخب ہوئے: وارڈ نمبر 27 (بیگم پور) سے بی جے پی کے کونسلر جے بھگوان یادو، وارڈ نمبر 82 سے بی جے پی کونسلر منیش چڈھا ، اور وارڈ نمبر 55 سے عام آدمی پارٹی کے کونسلر جلج کمار شامل ہیں ۔جے بھگوان ایم سی ڈی کے ڈپٹی میئر کے طور پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔
نو منتخب میئر پرویش واہی نے پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی ایم سی ڈی دہلی کے شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی ستھرائی، معیاری تعلیم، اور بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے حوا لے سے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور صفائی سے متعلق مسائل اور لینڈ فل سائٹس پر جمع ہونے والے میراثی فضلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
میئر نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈر ایم سی ڈی کے دائرہ اختیار میں آنے والی سڑکوں، پارکوں اور دیگر عوا می بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے لیے لگن کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے، ’ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اپنے عمل سے یہ ثابت کریں گے ۔ ایک ایسا کام جس کے لیے ہم سب کا تعاون چاہتے ہیں۔
میئر نے کہا کہ دہلی سرکار ایم سی ڈی کو اپنا مکمل تعاون فراہم کر رہی ہے، اور یہ کہ بہتر تال میل کے ذر یعہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صفائی کے معیار کو بہتر بنا نے کے لیے 50 کروڑ روپے کی نئی، جدید مشینری خریدی جائے گی، اور صفائی کو برقرار رکھنے میں ناکام رہنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی میئر مونیکا پنت نے بھی سبھی کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ عوامی مفاد میں کام کریں گی۔قائد ایوان جے بھگوان یادو نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے گی اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم سی ڈی کی آمدنی بڑھانے کی کوشش کی جائے گی ۔
No Comments: