
جیل سے باہر نکلنے کے بعد عام آدمی پارٹی کارکنان نے مہراج ملک کا کیا استقبال
نئی دہلی ،28اپریل (میرا وطن نیوز )
دہلی اسمبلی میں بلیماران حلقہ کی نمائندگی کر رہے ایم ایل اے اور جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج عمران حسین نے عام آدمی پارٹی کے ڈوڈا،جموں کشمیر کے ایم ایل اے مہراج ملک سے ملاقات کر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ مہراج ملک عوامی لیڈر ہیں اور ریاست میں عام آدمی پارٹی کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہراج ملک اپنے اسمبلی حلقہ کے ساتھ پورے صوبے کی عوام کے بنیادی مسائل کو لے کر جد و جہد کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کے جائز حقوق دلائے جاسکیں ۔واضح رہے کہ عمران حسین منگل کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد جیل سے باہر آئے ایم ایل اے مہراج ملک سے ملنے ڈوڈا پہنچے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہراج ملک کی ہمت، جذبے اور عوام کے لیے لگن وا قعی قابل تعریف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کو منسوخ کرنے کے بعد مہراج ملک کو کٹھوا جیل سے رہا کر دیا ہے۔ رہائی کے بعد انہوں نے عوامی مسائل کو اٹھاتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی عوام کو ان کے بنیادی حقوق کے لئے جد و جہد کرتا رہا ہوں اورجیل سے باہر آنے کے بعد بھی اسی جذبے سے لوگوں کی آواز بلند کرتا رہوں گا۔آٹھ مہینے بعد ایم ایل اے مہراج ملک کو منگل کو کٹھواجیل سے رہا کیا گیا ۔یہ رہائی جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے اس کی نظر بندی کو منسوخ کرنے کے فیصلے کے بعد ہوئی، جو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت نافذ کیا گیا تھا۔
اس معاملے پر اپنے فیصلے میںعدالت نے مشاہدہ کیا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کیا گیا نظر بندی کا حکم قانونی طور پر پائیدار نہیں تھا اور اس میں دماغ کے مناسب اطلاق کا فقدان پایا گیا تھا۔ عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔جیل سے رہائی کے بعد حامیوں نے مہراج ملک کا ڈھول کی تھاپ اور روایتی باجوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنا ئے۔
ایم ایل اے مہراج ملک کو امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں گزشتہ سال ستمبر میں پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا تھا اور بعد میں انہیں کٹھوا جیل میں رکھا گیا تھا۔ ایم ایل اے ملک نے اپنی نظر بندی کو چیلنج کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ عدالت کے فیصلے کے بعد جہاں اس کیس کا قانونی باب اب ختم ہو چکا ہے۔
No Comments: