
نئی دہلی،31مارچ (میرا وطن نیوز )
جماعت اسلامی ہند کے لکشمی نگر یونٹ کے تحت مشترکہ ہفتہ وار پروگرام کا انعقاد مدرسہ اظہار العلوم، آر ام پارک میں کیا گیا۔ جس میں یونٹ کے تمام سرکلوں کڑکڑڈوما، کورٹ، جگتپوری، تاج انکلیو، خوریجی، آرام پارک، سروجنی پارک، نیو لاہور، رمیش پارک، للتا پارک کے کار کنان اور بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی (سکریٹری جماعت اسلامی ہند) نے ’نکاح کو آسان بنائیں‘ کے عنوان پر قرآن و حدیث کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے نکاح کی اہمیت اور معاشرے میں اس کے مثبت اثرات کو واضح کیا۔انہوں نے کہا کہ نکاح اسلام میں ایک مقدس اور فطری عمل ہے، جسے اللہ تعا لیٰ نے انسانیت کی پاکیزگی اور بقا کے لیے مشروع قرار دیا ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نکاح کے سلسلے میں مسلمانوں کا نام لے کر مخصوص خطاب نہیں کیا بلکہ تمام لوگوں کو مخاطب کیا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ نکاح ایک عالمگیر اور انسانی فطرت کے مطابق نظام ہے۔
انہوں نے کہا کہ نکاح کا پہلا مقصد یہ ہے کہ انسان اپنی جائز جنسی خواہشات کو شرعی حدود کے اندر پورا کرے تاکہ معاشرے میں بے حیائی اور گندگی نہ پھیلے اور سماج پاک و صاف رہے۔ دوسرا مقصد نسل انسانی کی بقا اور انسانیت کا تحفظ ہے، اسی لیے نکاح کو ایک مقدس بندھن قرار دیا گیا ہے۔حق مہر کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت و وقار عطا کیا اور حق مہر کو اس کا بنیادی حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے چودہ سو سال پہلے ہی عورتوں کو حقوق دے کر انہیں خود کفیل بنانے کی بنیاد رکھی اور حق مہر عورت کی عزت ہے، کیونکہ حق مہر کے بغیر عورت حلال نہیں ہو سکتی۔
پروگرام میں انجینئر عبد المنان (ناظم علاقہ، ایسٹ دہلی)، واثق امام، فلاح الدین فلاحی امیر مقامی، ثناءاللہ، ایس ٹی رضا نے شرکت کی۔آخر میں شرکاءنے اس بات پر زور دیا کہ نکاح کو آسان بنایا جا ئے اور معاشرے میں اسلامی خاندانی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ایسے اصلاحی پروگراموں کو مسلسل جاری رکھا جائے۔
No Comments: