
نئی دہلی،19مارچ (میرا وطن نیوز )
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے کل ہند صدر سید احمد خاں نے عیدالفطر کے موقع پر تمام مسلمانوں اور برادرانِ وطن کو دلی اور پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید ان شاءاللہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور بھائی چارے کے ماحول میں منائی جائے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ شرپسند عناصر ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے، جبکہ ملک میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے والے افراد کی تعداد کہیں زیادہ ہے، جو ہر حال میں ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے لیے کام کرتے رہتے ہیں۔
ڈاکٹرسید احمد خاں نے کہا کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے اور یہاں کا امن و امان برقرار رہنا نہایت اہم ہے، کیونکہ اس کا مثبت پیغام پوری دنیا میں جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر عید کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر خاں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں اور عید کی خوشیا ں ایک دوسرے کے ساتھ امن و سکون کے ساتھ منائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں بھائی چارہ اور یکجہتی کو ہر حال میں مضبوط رکھا جائے گا۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عید کو سب کے لیے خوشیوں، امن اور سلامتی کا ذریعہ بنائے۔
No Comments: