پرتاپ گڑھ : جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر اپنی بیوی کو رسی کی مدد سے کنویں میں لٹکا دیااور اس کی ویڈیو بنا کر اپنی بیوی کے بھائی کو بھیجنے کے بعد پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ راجستھان کی پرتاپ گڑھ پولیس کنویں میں لٹکی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حرکت میں آئی۔پرتاپ گڑھ کے ایس پی امیت کمار کی ہدایت پر پولیس واقعہ کی تفصیل معلوم کرنے کے لیے متاثرہ کے پاس پہنچی اور پورے واقعہ کی جانکاری حاصل کی۔ متاثرہ خاتون نے ملزم شوہر کے خلاف تھانہ جواد میں مقدمہ درج کرادیا ۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ پرتاپ گڑھ ضلع کے رتنجنا تھانہ علاقے کے تحت کنورا گاؤں کا رہنے والی ہےاور اس خاتون کا نام اوشا کیر بتایا جا رہا ہے۔ اوشا کی شادی 3 سال قبل مدھیہ پردیش کے جواد کے کرپورہ کے رہنے والے راکیش کیر سے ہوئی تھی۔ تب سے ہی وہ اپنی بیوی کو جہیز کے لیے تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔
رتنجنا تھانہ انچارج لکشمن لال نے بتایا کہ شادی شدہ خاتون سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ 20 اگست کو اس کے شوہر راکیش کیر نے اسے ایک گہرے کنویں میں رسی کی مدد سے لٹکا نے کے بعد ملزم نے ویڈیو بنا کر متاثرہ کے بھائی کو بھیج دیا اور جہیز کے طور پر 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی 40 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں خاتون خود کو بچانے کی التجا کر رہی ہے۔بعد میں گھر والوں نے اسے کسی طرح کنویں سے باہر نکالا۔ متاثرہ نے ملزم شوہر کے خلاف مدھیہ پردیش کے جواد تھانے میں مقدمہ درج کرایا۔ تاہم یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پرتاپ گڑھ میں ایک قبائلی خاتون کو اس وقت بے دردی سے پیٹا گیا جب وہ اپنے دوست سے ملنے گئی تھی۔ بعد میں اسے کپڑے اتار کر گاؤں میں گھمایاگیا تھا۔ قومی حقوق انسانی کمیشن نے اس واقعے پر راجستھان حکومت کو نوٹس بھی جاری کر دیاہے۔
No Comments: