نئی دہلی : دہلی، اتر پردیش اور بہار سمیت کئی ریاستوں میں آج رمضان کا چاند عام طور پر دیکھا گیا یعنی 12 مارچ بروز منگل ہندوستان میں پہلا روزہ ہوگا۔رمضان کے چاندسے متعلق اطلاع دیتے ہوئے امارت شرعیہ ہند (نئی دہلی) نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ آج ابھی بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا نیاز احمد فاروقی صاحب سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی سمیت ملک کے بیشتر مقامات سے بھی رویت عامہ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔‘‘ بعد ازاں لکھا گیا ہے کہ ’’رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ 29 کی رویت شرعاً ثابت ہو گئی ہے۔ کل بتاریخ 12 مارچ 2024 بروز منگل ماہ رمضان المبارک 1445ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ سبھی لوگوں کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔ اللہ پاک ہمیں اس مہینہ میں روزہ رکھنے اور قیام لیل کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین۔
No Comments: