نئی دہلی :مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ جتن پرساد ایک سڑک حادثہ میں زخمی ہو گئے ہیں۔ اس حادثہ میں صرف جتن پرساد ہی نہیں، بلکہ ان کے پرسنل سکریٹری اور باورچی کو بھی چوٹ پہنچی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے پارلیمانی حلقہ پیلی بھیت کے دورہ پر تھے۔ اس دوران جتن پرساد کی کار قافلے میں چل رہی ایک دیگر گارڑی سے ٹکرا گئی۔ حالانکہ جتن پرساد کے سر پر معمولی چوٹ آئی ہے، لیکن گاڑی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ اس وجہ سے انھیں وہ گاڑی چھوڑ کر آگے کا سفر دوسری گاڑی سے کرنا پڑا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ مجھولا-وزٹی روڈ واقع بہروا گاؤں میں پیش آیا۔ جتن پرساد کے سر میں معمولی چوٹ لگی ہے، حالانکہ قافلے کی گاڑی تیز رفتار سے چل رہی تھی جس کے سبب ٹکرانے والی گاڑی کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ قافلے میں شامل اسکارٹ کار نے اچانک بریک لگائی جس سے جتن پرساد کی گاڑی بھی رک گئی، لیکن پیچھے سے آ رہی کار کا ڈرائیور توازن برقرار نہیں رکھ سکا اور ٹکر لگ گئی۔ چونکہ جتن پرساد کو چوٹ زیادہ گہری نہیں لگی تھی، اس لیے دوسری کار میں وہ بہروا کے لیے روانہ ہو گئے۔
No Comments: