امپھال :منی پور میں تشدد کےتازہ واقعہ میں 2 افرادکی موت اور 5 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منی پور کے کانگپوکپی ضلع میں دو نسلی گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 2 ہلاکتوں کے علاوہ ایک بی جے پی لیڈر سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ امپھال مغرب ضلع کے لمشانگ علاقہ واقع کڈانگ بند گاؤں کے پاس ایک کیمپ میں پیش آیا ہے۔ مئی 2023 سے اس شمال مشرقی ریاست میں تشدد کا بازار گرم ہے اور خونی کھیل بند ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ نسلی تشدد کے واقعات لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔
تازہ واقعہ کے تعلق سے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے حملہ کر دیا جس کے بعد گاؤں کے سویم سیوکوں نے جوابی کارروائی کی۔ اس فائرنگ واقعہ میں ایک سویم سیوک کی جان چلی گئی اور ایک دیگر سویم سیوک زخمی بھی ہوا۔ فائرنگ شروع ہونے کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان کچھ بات چیت ہوئی اور معاملہ ٹھنڈا پڑتا دکھائی دیا، لیکن حملہ آوروں پھر سے منظم ہو کر فائرنگ شروع کر دی جس سے حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
No Comments: