
نئی دہلی,21 اپریل(میرا وطن نیوز)
”شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں طلبہ و طالبات کو محض رسمی تعلیم ہی نہیں،بلکہ اخلاقی اور فکری تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے اور اسی تربیت کا تقاضا ہے کہ جب وہ اس شعبہ سے رخصت ہو کر عملی دنیا میں قدم رکھیں تودرحقیقت جامعہ اور شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے نمائندہ اور سفیر کی حیثیت سے پہچانے جائیں۔ان کا کردار اور طرزِ عمل ہی اس شعبے کی حقیقی ترجمانی کرے گا، اس لیے ضروری ہے کہ وہ ہمیشہ جامعہ، شعبہ اور اپنے والدین کی عزت و وقار کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔“ ان خیالات کا اظہار بزم طلبہ کے صدر پروفیسر اقتدار محمد خان،ڈین فیکلٹی آف ہیومینٹیز اینڈ لینگویجز نے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں بزم طلبہ کی جانب سے فارغین شعبہ کے لیے منعقد الوداعی تقریب اور انسپائرو 2026میں صدراتی خطاب کے دوران کیا۔پروفیسر موصوف نے طلبہ وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ سیاست بذاتِ خود کوئی مذموم شے نہیں، تاہم جب وہ منفی رخ اختیار کر لے تو اختلافات اور نزاعات کو جنم دیتی ہے۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے علمی و فکری ماحول میں منفی سیاست کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے،کیوں کہ یہاں ہمیشہ ایسے ماحول کے قیام کی کوشش کی جاتی ہے جہاں علمی بیداری کو فروغ ملے، باہمی محبت اور احترام کی فضا قائم رہے اورمنفی اختلافات کو حد درجہ کم رکھا جائے۔اس موقع پر انہوں نے شیخ الجامعہ پروفیسر مظہر آصف،مسجل جامعہ پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی کی سرپرستی میں شائع ہونے والے بزم طلبہ کے ترجمان ”صدائے جوہر“ کے سالانہ خصوصی شمارے بہ عنوان”عہد استعمار کے مسلم دانشوران“ کااجراء بھی کیا۔ اس موقع پر پروفیسر سید شاہد علی،سابق صدرشعبہ اسلامک اسٹڈیز نے فرمایا کہ طلبہ اپنی زندگی میں تفکر، تعقل اور تدبر کو اپنا شعار بنائیں اورکیوں اورکیسے جیسے اہم اور بنیادی سوالات کو اپنی فکر و جستجو کا حصہ بنائیں،کیوں کہ یہی سوالات انسان کو حقیقت تک پہنچنے اور درست راہ اختیار کرنے کی رہنمائی کرتے ہیں۔ ڈاکٹر خورشید آفاق،مشیر بزم طلبہ نے بزمِ طلبہ کے منتظمین اورصدائے جوہر کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی ایسی علمی و ادبی سرگرمیاں کسی بھی شعبے کی زندگی اور تازگی کی علامت ہوتی ہیں،نیز انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بزمِ طلبہ نے نہایت ذمہ داری، محنت اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ پروگرام کا آغازشعبہ کے طالب علم محمد معاذ شاہد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ادیبہ نے نعت پیش کی۔خطبہ استقبالیہ توقیر علی،نائب صدر،بزم طلبہ نے پیش کیا۔بزم طلبہ کی سکریٹری خدیجہ نے بزم طلبہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔محمد شہنواز نے پلیسمنٹ سیل اور صدائے جوہر کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ بلال احمد،محمد عبداللہ،اسامہ واثق،محمد ذیشان اور وسیم احمد نے غزل اور الوداعی نظموں سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اسی دوران ایم اے اور بی اے کے فارغین کو مختلف خطابات اور ٹرافیوں سے نوازا گیا۔فارغین شعبہ میں سے صائمہ ناز،محمد اسحق،عبدالعلیم اعظمی،اسامہ واثق اور محمد مبارک حسین نے اپنے تاثرات پیش کیے۔نظامت کے فرائض علما،آمنہ خاتون اور تشبیہ نے انجام دیے۔کلمات تشکر محمد عمرنے پیش کیے۔اس موقع پر شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے جملہ اساتذہ جناب جنید حارث، ڈاکٹر محمد مشتاق،ڈاکٹر محمد ارشد،ڈاکٹر محمد خالد خان،ڈاکٹر محمد عمر فاروق،ڈاکٹر عبدالوارث خان، ڈاکٹر جاوید اختر،ڈاکٹر انیس الرحمان،ڈاکٹر محمد اسامہ،ڈاکٹر محمد مسیح اللہ، ڈاکٹر ندیم سحر عنبرین،ڈاکٹر محمد علی اور ڈاکٹر اویس منظور ڈار کے علاوہ ریسرچ اسکالرس، ایم اے اور بی اے کے طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ قومی گیت کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
No Comments: