نئی دہلی :لوک سبھا انتخاب 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلہ کے لیے سبھی سیاسی پارٹیوں نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بدھ کے روز پنجاب پہنچے جہاں لدھیانہ میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ یہاں راہل گاندھی نے کسانوں سے ایک بڑا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے فوراً بعد کسانوں کا قرض معاف کرنے کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔راہل گاندھی نے کہا کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے کے بعد کسان کا قرض معاف کرنے کے لیے ایک کمیشن بنایا جائے گا۔ انھوں نے اس تعلق سے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی ہم کسانوں کا قرض اسی طرح معاف کر دیں گے جیسے وہ (بی جے پی) ارب پتیوں کا قرض معاف کرتے ہیں۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ہم صرف ایک بار کسانوں کا قرض معاف نہیں کریں گے۔ اس کے لیے ہم ایک کمیشن بنائیں گے، جسے کسان قرض معافی کمیشن کہا جائے گا۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ کسانوں کو جب بھی قرض معافی کی ضرورت ہوگی، یہ کمیشن حکومت کو اس کی جانکاری دے گی اور ہم قرض معاف کریں گے۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ایک بار، دو بار، تین بار، جتنی بار بھی کسانوں کو ضرورت ہوگی، ہم ان کا قرض معاف کریں گے۔ ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’کسان ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اس کی حفاظت ہونی چاہیے۔
No Comments: