دہلی کے پرشانت وِہار میں 28 نومبر کو ہوئے دھماکہ نے علاقہ کے لوگوں میں دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ آج، یعنی جمعہ کے روز علاقہ میں ہر طرف سناٹا پسرا دکھائی دیا۔ یہاں تک کہ دہشت میں دکانداروں نے اپنی دکانیں بھی نہیں کھولیں۔ جائے حادثہ کے قریب کچھ دکانوں کو پولیس نے بند رکھنے کی ہدایت ضرور دی تھی، لیکن دیگر دکانوں پر بھی تالا لٹکا دکھائی دیا۔ جائے حادثہ پر تحقیقاتی ایجنسیوں کی سرگرمیاں ضرور دکھائی دے رہی ہیں، لیکن رہائشی عوام اپنے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں-آج این سی جی کی ٹیم جائے حادثہ پر جانچ کے لیے پہنچی اور ضروری کارروائی کو انجام دیا۔ دیگر تحقیقاتی ٹیمیں بھی اپنے اپنے کاموں میں مصروف دکھائی دیں۔ جمعہ کے روز اسپیشل سیل کی ٹیم جب جائے حادثہ پر پہنچی تو پولیس نے پہلے سے ہی آس پاس والے راستوں کو بیریکیڈنگ سے بند کر دیا تھا۔ پرشانت وِہار میں ایک ماہ کے اندر 2 دھماکوں کی وجہ سے تحقیقاتی ایجنسیاں ہر ایک پہلو سے واقعہ کی جانچ کر رہی ہیں-
No Comments: