قومی خبریں

خواتین

زنا کے بعد قتل کرنے والوں کو 10 دنوں میں پھانسی

مغربی بنگال اسمبلی میں زنا یعنی عصمت دری مخالف ’اپراجیتا بل‘ اتفاق رائے سے پاس

کولکتہ:مغربی بنگال اسمبلی میں زنا یعنی عصمت دری مخالف ’اپراجیتا بل‘ اتفاق رائے سے پاس ہو گیا۔ ریاست کے وزیر قانون ملئے گھٹک نے اس بل کو پیش کیا جو 2 گھنٹے کی بحث کے بعد ایوان سے پاس ہو گیا۔ حزب مخالف لیڈر سویندو ادھیکاری نے اس بل میں کچھ ترمیم کی تجویز رکھی جس پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یقین دلایا کہ مطالعہ کے بعد اس پر غور کیا جائے گا۔ اس بل کو دستخط کے لیے گورنر کے پاس بھیج دیا جائے گا۔ ’اپراجیتا بل‘ کو پاس کرانے کے لیے ہی اسمبلی کا دو روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس کا آج آخری دن تھا۔ گورنر سے اس بل کو منظوری ملنے کے بعد زناکاری معاملوں میں قصورواروں کے خلاف فوری اور سخت سزا کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

اس بل میں زنا و قتل کے قصورواروں کے لیے 10 دنوں کے اندر سزائے موت یعنی پھانسی کی سزا یقینی بنانے کا التزام کیا گیا ہے۔ اس زنا مخالف اس بل کا مکمل نام ’اپراجیتا وومن اینڈ چائلڈ (مغربی بنگال مجرمانہ قانون و ترمیمی) بل 2024‘ ہے۔ اس بل کے تحت عصمت دری کے معاملوں کی جانچ 21 دنوں کے اندر پوری کرنی ہوگی، جو پہلے دو ماہ تھی۔ ریاست میں اہم اپوزیشن بی جے پی کے اراکین اسمبلی نے بھی اس بل کی مکمل حمایت کی، لیکن ساتھ ہی کہا کہ اس پر پوری طرح عمل ہونا چاہیے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *