ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ حاجی نورالاسلام کا آج دوپہر انتقال ہو گیا۔ وہ کافی وقت سے لیور کے کینسر میں مبتلا تھے اور آخری سانس انھوں نے اپنے گھر پر ہی لی۔ مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بشیرہاٹ سے وہ لوک سبھا انتخاب 2024 میں منتخب ہوئے تھے۔ 61 سالہ حاجی نورالاسلام کی طبیعت بدھ کی صبح بگڑ گئی تھی اور جب تک ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے گھر پہنچتی وہ انتقال کر گئے۔واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس چیف ممتا بنرجی نے اداکارہ و رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں کی جگہ اس مرتبہ حاجی نورالاسلام کو بشیرہاٹ سیٹ سے لوک سبھا انتخاب میں امیدوار بنایا تھا۔ ممتا بنرجی کی امیدوں کو پورا کرتے ہوئے انھوں نے جیت حاصل کی، لیکن اب ان کی موت سے یہ پارلیمانی حلقہ خالی ہو گیا۔
ممتا بنرجی نے حاجی نورالاسلام کے انتقال پر اظہارِ رنج و غم کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیے گئے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ بشیرہاٹ کے رکن پارلیمنٹ حاجی ایس کے نورالاسلام کے انتقال کی خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ وہ ایک وقف کارکن کے ساتھ ساتھ غریبوں کے مفاد کے لیے کام کرنے والے انسان تھے۔ ممتا بنرجی نے حاجی نورالاسلام کے کنبہ، ساتھیوں اور دوستوں کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
No Comments: