نئی دہلی: پارلیمنٹ میں جاری تعطل کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی ہے۔ اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک نے آج 1 بج کر 37 منٹ پر راجیہ سبھا کے سیکریٹری جنرل کو یہ تحریک پیش کی۔ تحریک پر 60 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، یہ تحریک آئین کے آرٹیکل 67-بی کے تحت نائب صدر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے مطالبے پر مبنی ہے۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، جو راجیہ سبھا کے منصبی چیئرمین بھی ہیں، پر جانبداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تاہم، اس تحریک پر سونیا گاندھی یا کسی بھی پارٹی کے فلور لیڈرز نے دستخط نہیں کیے ہیں-کانگریس کے جے رام رمیش اور پرمود تیواری کے علاوہ ترنمول کانگریس کے ندیم الحق اور ساگرکا گھوش نے اس تحریک کو سیکریٹری جنرل کو پیش کیا۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ انہیں ایوان میں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا اور چیئرمین جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
No Comments: