نئی دہلی :سونے کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ملک کے عام بجٹ میں سونے پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کے اعلان کے بعد سے سونے کی قیمت مسلسل گر رہی ہے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد سے لےکر اب تک یعنی ایک ہفتے میں سونا تقریباً 5000 روپے سستا ہوا ہے۔ 23 جولائی 2024 کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پارلیمنٹ میں پیش کردہ عام بجٹ میں سونے پر کسٹم ڈیوٹی 15 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد کردی تھی۔ اس کا اثر بجٹ کے دن سے ہی سونے کی قیمت پر نظر آنے لگا تھا، جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
بجٹ سے عین قبل سونا جو 72000 روپے فی 10 گرام کے قریب ٹریڈ کر رہا تھا جو اب 68000 روپے سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ اگر ایم سی ایکس پر سونے کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کو دیکھا جائے تو 22 جولائی کو سونے کی قیمت 72,718 روپے فی 10 گرام تھی لیکن جمعہ 26 جولائی تک یہ گھٹ کر 67,666 روپے پر آچکی تھی۔ کموڈیٹی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران اس نچلی سطح کو چھونے کے بعد سونا 68,160 روپے پر بند ہوا تھا۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو ایک ہفتے میں اس کی قیمت میں تقریباً 5000 روپے تک کم ہوئی ہے۔
No Comments: