’وقف بورڈ (ترمیمی) بل 2024‘ کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کو جلد ہی اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنی ہے۔ لیکن آج جب پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہوا تو اس سے قبل جے پی سی میں شامل اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کر کمیٹی کی مدت کار میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اوم برلا سے ملاقات کر انھیں تحریری شکل میں ایک درخواست پیش کی ہے جس میں جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی مدت کار بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر جانکاری دی ہے۔ اسدالدین اویسی کے مطابق اسپیکر اوم برلا نے بھروسہ دلایا ہے کہ ان کی درخواست پر وہ مثبت طریقے سے غور و خوض کریں گے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو اپوزیشن اراکین نے جو تحریری درخواست پیش کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم آپ سے گزارش کرنے کے لیے لکھ رہے ہیں کہ وقف بل پر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کی مدت کار مناسب وقت کے لیے بڑھائی جائے۔ یہ توجہ دی جانی چاہیے کہ کمیٹی نے 22 اگست کو اپنی پہلی میٹنگ کی تھی اور تب سے 25 میٹنگیں ہو چکی ہیں، جہاں غیر متعلق تنظیموں کی طرف سے بھی پریزنٹیشن پیش کیے گئے۔ بہار، اتر پردیش اور دہلی کی ریاستی حکومتوں کو اب بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہے۔ کچھ دیگر متعلقین اب بھی کمیٹی کے سامنے اپنے نظریات رکھنے کے لیے وقت مانگ رہے ہیں۔‘‘
تحریری درخواست میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ وقف ترمیمی بل ایک وسیع قانون ہے، جس میں موجودہ قوانین میں کئی بڑی تبدیلیوں کو شامل کیا کیا گیا ہے۔ یہ تبدیلیاں ہندوستان کی آبادی کے ایک بڑے حصے کو متاثر کریں گی۔ اس لیے غور و خوض کے لیے تین ماہ کی مدت کارناکافی مانی جاتی ہے اور اس کے نتیجہ میں غیر مناسب سفارشات سامنے آ سکتی ہیں۔
No Comments: