نئی دہلی : بہار کے گوپال گنج میں ایک پجاری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا اور اس کی آنکھیں نکال لی گئیں۔ پجاری کی نعش کو علاقہ میں جھاڑیوں سے برآمد کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اس کے پرائیویٹ پارٹس پر بھی زخم تھے۔ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ منوج کمار گذشتہ پیر کی رات سے لاپتہ تھا، اسے آخری بار گذشتہ پیر کی رات دیر گئے داناپور گاؤں کے شیومندر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ منوج کمار کا بھائی اشوک بی جے پی کا کارکن تھا۔ پجاری منوج کی نعش ملنے کے فوراً بعد گاؤں میں کشیدگی پھیل گئی۔ گاؤں والوں نے قومی شاہراہ پر احتجاج کیا اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس کی ایک گاڑی کو بھی آگ لگادی گئی۔ منوج کمار کے اہل خانہ نے منگل کو گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد پولیس کی جانب سے سراغ لگانے کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ گوپال گنج کے سب ڈیویژنل پولیس آفیسر پرانجل نے کہا کہ گاؤں میں حالات اب قابو میں ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے کافی پولیس فورس کو تعینات کیا گیا۔
No Comments: