
نئی دہلی، 16جنوری(میرا وطن)
عام آدمی پارٹی نے دہلی میں کھولے گئے آیوشمان آروگیہ مندروں کو لے کر بی جے پی سرکار پر فریب کار ی کا الزام عائد کیا ہے۔ آپ کے دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی حکومت آیوشمان آروگیہ مندر کے نام پر دہلی کی عوام کے ساتھ سراسر فراڈ کر رہی ہے۔ تمام آروگیہ مندر یا تو پہلے سے موجود محلہ کلینکوں یا ڈسپنسریوں میں ہی کھول دیے گئے ہیں۔ بی جے پی سرکارنے ایک بھی نئی عمارت تعمیر نہیں کی۔ صرف ڈسپنسریوں اور محلہ کلینکوں پر رنگ و روغن کر کے انہیں آروگیہ مندر کا نام دے دیا گیا ہے۔ کئی آروگیہ مندروں میں آج بھی ایم سی ڈی کے ملازمین ہی کام کر رہے ہیں۔
سوربھ بھاردواج نے یاد دلایا کہ دہلی انتخابات سے پہلے ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے وعدہ کیا تھا کہ محلہ کلینک بند نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے باوجود، ایک ایک کر کے تقریباً 250محلہ کلینک پہلے ہی بند کیے جا چکے تھے اور اب مزید 135کلینک بند کیے جا ر ہے ہیں۔ ہمارے کُل 550محلہ کلینکوں میں سے تقریباً 400کو بی جے پی سرکار نے عملاً بند کر دیا ہے۔
آیوشمان آروگیہ مندروں کی حقیقت بیان کرتے ہوئے سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہ کوئی نیا تعمیراتی منصوبہ یا نئی سہولت نہیں ہے۔ یہ یا تو دہلی سرکار کی پرانی ڈسپنسریاں ہیں، یا ایم سی ڈی کی ڈسپنسریاں، یا پھر پرانے محلہ کلینک۔ ایم سی ڈی کی ڈسپنسریوں میں ڈاکٹر اور عملہ بھی ایم سی ڈی کا ہی ہے اور تنخواہیں بھی ایم سی ڈی ہی دے رہی ہے۔ بس ان عمارتوں پر پیلا اور بھورا رنگ کر کے انہیں آروگیہ مندر کا نام دے دیا گیا ہے۔ یہ دہلی کی عوام کے ساتھ مکمل طور پر فراڈ ہے۔ جس محلے میں یہ آیوشمان آروگیہ مندر کھولے گئے ہیں، وہاں کے لوگ اس سچائی کو بخوبی جانتے ہیں۔
No Comments: