واشنگٹن :امریکہ میں مسجد کے باہر امام کوگولی مارکر قتل کردیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست نیو جرسی میں پیش آیا جہاں مسجد سے باہر نکلتے وقت مسجد کے پیش امام حسن شریف کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔واقعے پر ریاست کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ امام حسن شریف کو متعدد گولیاں لگیں جس پر انہیں فوری طبی امداد کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ امام کو قتل کرنے کا مقصد تو فی الحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی تعصب یا دہشگردی کا واقعہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ کی وجہ سے امریکہ میں کمیونیٹیز کے درمیان تعصب، اسلامو فوبیا اور یہود مخالف واقعات رونما ہوئے ہیں جب کہ اس ریاست میں 3 لاکھ سے زائد مسلمان آ باد ہیں۔ میڈیاکے مطابق یہ واقعہ نیو جرسی کے شہر نیوارک میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق فائرنگ کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی اور تفتیش کا آغاز کردیا۔امام حسن شریف گزشتہ 5 سال سے نیوارک کی مسجد میں امامت کی فرائض سر انجام دے رہے تھے ۔نیو جرسی کے اٹارنی جنرل میتھیو جے پلاٹکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب مسلم کمیونٹی کے خلاف تعصب کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، ہم جانتے ہیں کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ہماری ریاست میں خوف اور خدشات کو بڑھا دے گا ۔رپورٹس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 25 ہزار ڈالرز انعامی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔اس واقعہ کے بعد نیو جرسی کے مقامی مسلمانوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔ مسلمانوں نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
No Comments: