حیدرآباد: تلنگانہ میں بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے سینئر لیڈر اور سابق اسمبلی اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے جمعہ کو کانگریس کا ہاتھ تھام لیا۔ ان کے ساتھ بیٹے بھاسکر ریڈی نے بھی کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی ذاتی طور پر سرینواس ریڈی کے گھر پہنچے اور انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ نظام آباد ضلع سے بی آر ایس کے رکن اسمبلی اور سرکردہ لیڈر سرینواس ریڈی نے دعوت قبول کرتے ہوئے ریونت ریڈی کی قیادت میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کی۔سابق اسپیکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی قیادت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں جو حقیق معنوں میں کام کرتی ہے۔ انہوں نے پارٹی کی طرف سے زراعت، کسانوں اور آبپاشی کے منصوبوں کے لیے کیے گئے کام کی تعریف کی۔ وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی کے ہمراہ پہنچے وزیر اعلیٰ نے پوچارام سرینواس ریڈی اور ان کے بیٹے کا کانگریس میں خیرمقدم کیا۔
سی ایم ریونت ریڈی نے سابق اسپیکر کو یقین دلایا کہ انہیں کانگریس پارٹی میں مناسب مقام دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زرعی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی کانگریس حکومت پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں سرینواس ریڈی کی تجاویز کو ذہن میں رکھیں گے۔
No Comments: