قومی خبریں

خواتین

بہار بورڈ کے میٹرک کے امتحان میں مسلم بچیوں کی نمایاں کارکردگی

ویشالی کی شازیہ نے تیسرا اورگوپال گنج کی فاطمہ نےساتواں مقام حاصل کیا

پٹنہ: میٹرک امتحان کے نتائج کا اعلان بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ یعنی بی ایس ای بی نے اتوار کو کیا ہے۔ اس بار میٹرک کے امتحان میں پورنیا کے شیونکر کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے انہوں نے 500 میں سے 489 نمبر حاصل کیے ہیں۔ نتائج میں چار امیدواروں نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہےجن میں سے ایک ویشالی کی شازیہ پروین ہیں۔شازیہ پروین ویشالی ضلع کے ایم ٹی ہائی اسکول کی طالبہ ہے، انہوں نے 500 میں سے 486 نمبر حاصل کیے ہیں۔شازیہ کے والد محمد ساجدخود بھی ٹیچر ہیں، انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنی بیٹی کی کامیابی کے بارے میں اسکول میں ہی جانکاری ملی ۔ خاص بات یہ ہے کہ شازیہ پروین کے والد اسی اسکول میں استاد ہیں جہاں سے شازیہ نے تعلیم حاصل کی تھی۔
والدین کانام روشن کرنے والوں میں گوپال گنج کے ایک کسان کی بیٹی فاطمہ نثار بھی شامل ہے۔ اس نے کل 482 نمبر حاصل کر کے پوری ریاست میں ساتواں مقام حاصل کیا ہے۔تھاوے بلاک کے میر علی پور گاؤں کے رہائشی نثار احمد کی بیٹی فاطمہ ڈی اے وی ہائی اسکول کی طالبہ ہیں اور وہ شروع سے پڑھائی میں اچھی ہیں۔والدہ آمنہ خاتون نے بتایا کہ ان کی پانچ بیٹیاں ہیں۔دوسری بیٹی فاطمہ کا ٹیلنٹ دیکھ کر اسکول کے اساتذہ نے پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا کہ وہ بورڈ کے امتحانات اچھے نمبروں سے پاس کرے گی۔بورڈ نے اتوار کو جب بہار نتائج جاری کیے تو فاطمہ اور اس کے خاندان کے لوگ نتائج دیکھ کر پھولے نہیں سمائے۔ اسکول ٹیچر وجے آریہ نے گھر پہنچ کر فاطمہ کو مبارکباد دی۔ جبکہ پرنسپل اجے آریہ نے کہا کہ اس سے پہلے بھی اسکول نے بورڈ کے امتحانات میں بہتر نتائج دے کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔فاطمہ نثار نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر بن کر ملک کے غریبوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بورڈ کے امتحانات میں اپنے بہتر نتائج کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کے سر باندھا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *