قومی خبریں

خواتین

ساتویں حج پرواز سے 58 بغیر محرم خاتون عازمین مدینہ روانہ

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نےسب کو الواعی مبارکباد پیش کی

نئی دہلی: 9 مئی سے حج 2024 کے مقدس سفر کے لیے پروازوں کے آغاز کے بعد سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اب تک چھ خصوصی حج پروازوں سے 2084 عازمین حج کی روانگی کے بعد، 11 مئی کو سعودی ایئر لائنز کی ساتویں حج پرواز سے 58 بغیر محرم (مرد ساتھی کے بغیر) خاتون عازمین مقدس شہر مدینہ کے لیے روانہ ہوئیں۔اس موقع پر ان خواتین کا ایئرپورٹ پر استقبال کرنے اور مدینہ منورہ کے لیے الواعی مبارکباد پیش کرنے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں موجود رہیں۔ انھوں نے ان خاتون عازمین حج کو پھولوں کا ہار پہنا کر مدینہ کے لیے روانہ کیا۔45 روزہ مقدس سفر حج پر جانے والی ان 58 خواتین میں سے 33 دہلی، 15 اتر پردیش، 6 اتراکھنڈ، 4 مہاراشٹرا اور ایک-ایک بہار، اڈیشہ، پنجاب اور مدھیہ پردیش سے تھیں۔ ساتویں حج پرواز سے مدینہ پہچنے والے کل 401 عازمین حج میں دہلی کے 175، اتر پردیش کے 212، اتراکھنڈ کے 6، مہاراشٹر کے 4، پنجاب، اڈیشہ، مدھیہ پردیش و بہار سے ایک-ایک عازمین شامل ہیں۔ اب تک سبھی پروازوں سے 2881 عازمین حج، جن میں 1480 مرد اور 1401 خواتین شامل ہیں، دہلی سے مدینہ پہنچ چکے ہیں۔
دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے اس موقع پر کہا کہ اس بار بھی بڑی تعداد میں بغیر محرم مسلم خواتین حج پر جا رہی ہیں۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ مودی حکومت میں خواتین خود انحصار ہو رہی ہیں۔ وہ اپنے گھروں سے نکلنا شروع ہو گئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ خواتین بھی اکیلے حج پر جا سکتی ہیں جن کے ساتھ ہمیشہ کسی مرد رشتہ دار کو جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہے جسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ حج پر جانے والی خواتین اپنے ملک کے لیے اور مودی جی کے لیے دل سے دعا کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 25 مئی تک کل 47 حج پروازوں سے تقریباً 16500 عازمین حج پر جائیں گے، جبکہ پورے ملک سے ادائیگی حج کے لیے جانے والے عازمین کی کل تعداد 175025 ہے۔(پریس ریلیز)

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *