لکھنؤ: اتر پردیش کی سیفئی میڈیکل یونیورسٹی کے پانچ ڈاکٹروں کی ایک خوفناک سڑک حادثے میں موت واقع ہو گئی ہے۔ حادثہ بدھ کی صبح آگرہ-لکھنؤ ایکسپریس وے پر قنوج کے تروہ علاقے میں پیش آیا۔ تمام متاثرہ افراد یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ (پی جی) طلباء تھے، جو ایک شادی کی تقریب سے واپس سیفئی جا رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق، ان کی گاڑی تیز رفتاری کے سبب ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر مخالف لین میں جا پہنچی، جہاں ایک ٹرک سے تصادم ہوا۔رپورٹس کے مطابق، حادثہ بدھ کو علی الصبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ شدید تصادم کے نتیجے میں پانچ ڈاکٹروں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ گاڑی میں موجود ایک اور طالب علم شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر سیفئی میڈیکل یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔
قنوج پولیس کےمطابق، کار لکھنؤ سے آگرہ کی جانب جا رہی تھی۔ گاڑی تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی اور تھانہ تروہ علاقہ میں 196 پر بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر مخالف سمت میں چلی گئی اور وہاں ایک بڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکالا اور زخمی کو قریبی اسپتال پہنچایا۔ حادثے کے بعد علاقے میں غم و صدمے کی کیفیت ہے۔ یہ حادثہ نہ صرف ایک بڑا سانحہ ہے بلکہ تیز رفتاری اور محتاط ڈرائیونگ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس واقعہ پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
No Comments: