قومی خبریں

خواتین

دہلی – این سی آر میں حد نگاہ صفر تک گر گئی

سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی ہوئی نظر آئیں اور ڈرائیوروں کو ہنگامی لائٹس کا سہارا لینا پڑ پڑا

نئی دہلی: دہلی اور این سی آر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جہاں آج 10 جنوری کی صبح حد نگاہ صفر تک گر گئی۔ دہلی کی سڑکوں پر گاڑیاں رینگتی ہوئی نظر آئیں اور ڈرائیوروں کو ہنگامی لائٹس کا سہارا لینا پڑ پڑا۔ دھند اس قدر شدید تھی کہ قریبی درخت اور عمارتیں بھی نظر نہیں آ رہی تھیں۔ محکمہ موسمیات نے دہلی اور شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں کے لیے شدید دھند کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
دھند کی وجہ سے علی الصبح دہلی ایئرپورٹ پر فلائٹس کی روانگی اور آمد میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ ایئرپورٹ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ پرواز سے متعلق تازہ معلومات کے لیے ایئر لائنز سے رابطے میں رہیں۔ شدید دھند کی وجہ سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ آئی جی آئی ایئرپورٹ پر صبح 4 بجے سے حد نگاہ صفر ہے، جس کے باعث پروازوں کا آپریشن متاثر ہوا ہے۔
ٹرینوں کی آمدورفت بھی دھند کے باعث سست پڑ گئی ہے۔ ریلوے حکام نے بتایا کہ کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق، دہلی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ ہفتے اور اتوار کو بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق، حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک ہو تو اسے انتہائی شدید دھند کہا جاتا ہے۔ 51 سے 200 میٹر کو شدید دھند، 201 سے 500 میٹر کو درمیانی دھند اور 501 سے 1000 میٹر کو ہلکی دھند کہا جاتا ہے۔
دہلی میں دھند کے ساتھ اسموگ کی دبیز تہہ بھی موجود ہے، جس سے آلودگی کی سطح تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ صبح 6 بجے کے ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق، دہلی میں اوسط معیارِ ہوا 409 درج کیا گیا، جو خطرناک زمرے میں آتا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *