قومی خبریں

خواتین

امام خمینیؒ کی برسی کے موقع پر 3جون کو ایران کلچرہاؤس نئی دہلی میں سیمینار کا انعقاد

’خدمت خلق امام خمینی ؒ کی نظر میں‘ موضع پرعلمائے کرام،دانشوران اور سیاستداں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے

محمد ذیشان قاسمی
نئی دہلی:میں ہندوستان کی عوام،میڈیا اور حکومت ہند کا بہت بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے صدر ایران آیت اللہ ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان ودیگر رفقاء کی شہادت کے موقع پرہمارے ساتھ کھڑے رہے اور ہمارے ملک کے لیے اظہار تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔یہ بات آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی کے کونسلر فریدالدین فریدعصر نے کہی۔
انہوں نے صدر رئیسی کے بارے میں کہا کہ وہ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول رہنما تھے وہ ہرخاص وعام میں مقبول تھے۔حالیہ دنوں ہندوستان کے دورے کا شیڈول بنا ہوا تھا لیکن اللہ کو منظور نہیں تھا اس حادثہ کی وجہ سے ہندوستان نہیں آسکے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہندوستان اورایران کے روابط دوستانہ اوربہت خوشگوار ہیں۔ہماری مصیبت کی گھڑی میں ہندوستان ہمارے ساتھ ہرقدم پر کھڑا ہوا نظر آیا اور میڈیا کے اہلکار بھی خواہ وہ پرنٹ میڈیا ہو یا الیکٹرانک میڈیا یا شوشل میڈیا ہرایک نے ایرانی صدر کے حادثاتی انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اس کے لیے میں ہندوستانی قوم کا شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صدررئیسی کی یہ خصوصیت تھی کہ وہ سب کے ساتھ عام طور وطریقے سے ملتے جلتے تھے۔یہی وجہ ہے کہ ان کے انتقال کے بعد ایران اور دنیا بھر کی عوام نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ اور ان کی نماز جنازہ میں لاکھوں کی تعداد میں عوام الناس جمع ہوگئے جہاں قدم رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔
ان کی موت کو کچھ ویسٹرن میڈیا اندرونی سازش قراردے رہے ہیں یہ بالکل غلط ہیں ان کی موت ایک حادثاتی طور پر ہوئی ہے یہ رپورٹ ہمارے تفتیش کاروں نے دی ہے۔ایران میں اتنے بڑے حادثہ سے گزرنے کے بعد بھی کوئی تنازع سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے صدر رئیسی کی حمایت حاصل تھی غزہ اور دنیا بھر کے مظلوم لوگوں کے لیے اسی طرح اب بھی ہماری حمایت جاری رہے گی اور ظالم کے ظلم کے آگے ہم سر نہیں جھکائیں گے اور مظلوم کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جو دعوے کئے تھے مکمل قبضے کا وہ ابھی ان کا خواب ہی ہے اب ان کے قدم لڑکھڑارہے ہیں دنیا کی بڑی طاقتیں بھی اب ان کی حمایت سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی امام خمینی کی برسی کے موقع پر 3جون کو ایک سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا شام پانج بجے سے سات بجے تک جس میں علمائے کرام، سیاستداں اور مدعو مہمانان عظام اپنے اپنے افکار اور خیالات کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کا تھیم ہے ’خدمت خلق امام خمینی کی نظر میں‘ وہ اس لیے کہ امام خمینی خدمت خلق کو ہی رضائے الٰہی کا سبب سمجھتے تھے۔ ان کی نظر میں خدمت خلق سے بہتر کوئی کام نہیں تھا۔امام خمینی منصب صدارت کو خدمت خلق کا ذریعہ سمجھتے تھے اس سے عام انسانوں تک رسائی آسانی سے ہوجاتی تھی۔پریس کانفرنس میں دہلی کے اردو،ہندی،انگلش اخبار،نیوز چینل اور یوٹیوبر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *