نئی دہلی :دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو راؤز ایونیو کورٹ نے 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس سے قبل سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سی بی آئی کی عدالتی حراست کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔کیجریوال کی سی بی آئی حراست آج ختم ہو رہی تھی اس لیے کیجریوال اور عآپ لیڈران رِہائی کی امیدیں لگائے بیٹھے تھے۔ سی بی آئی نے کیجریوال کو 26 جون کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد عدالت نے انھیں تین دن کی سی بی آئی حراست میں بھیج دیا تھا۔ سی بی آئی نے راؤز ایونیو کورٹ سے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی 5 دنوں کی حراست طلب کی تھی، لیکن عدالت سے ایجنسی کو 3 دن کی ہی ریمانڈ مل سکی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ آبکاری گھوٹالہ سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں کیجریوال کو ٹرائل کورٹ نے 20 جون کو ضمانت دے دی تھی۔ ذیلی عدالت کے اس فیصلے کو ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی تھی۔ اب جبکہ راؤز ایونیو کورٹ نے کیجریوال کو 14 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے تو ان کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔
No Comments: