دہلی میں اسمبلی انتخابات سے قبل سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یہ قبول کر لیا ہے کہ 2020 میں کیے گئے اپنے تینوں وعدوں کو وہ پانچ سال میں مکمل نہیں کر پائے ہیں۔ کیجریوال کے ذریعہ کیے گئے وعدے میں یمنا کی صفائی بھی شامل ہے۔ گزشتہ انتخاب میں انہوں نے کئی مواقع پر خود کو یہ چیلنج دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ پانچ سال میں یمنا کو ڈبکی لگانے لائق نہیں بنا پائے تو 2025 میں انہیں ووٹ نہیں دیا جائے۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ عوام کے سامنے قبول کریں گے کہ وعدہ پورا نہیں ہو پایا ہے اور اس کے لیے انہیں ایک موقع اور دیا جائے۔
‘انڈیا ٹوڈے’ کی ایک تقریب میں عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اپنے ادھورے وعدوں کی بات قبول کی۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے گارنٹی دی تھی کہ یمنا صاف کر دیں گے اور نہ کرسکے تو 2025 میں ووٹ مت دینا۔ اس پر کیجریوال نے کہا “جی میں مانتا ہوں، میں نے گزشتہ انتخاب میں تین وعدے کیے تھے۔ میں نے کہا تھا یمنا صاف کر دوں گا، میں نے کہا تھا ہر گھر میں ٹوٹی سے صاف پانی آئے گا اور تیسرا میں نے کہا تھا کہ دہلی کی سڑکوں کو یورپ کی سڑکوں جیسی بنا دیں گے، میں ایسا نہیں کر سکا”۔
کیجریوال نے آگے کہا کہ وہ عوام کے درمیان جاکر قبول کریں گے کہ وہ ان تینوں کاموں کو پورا نہیں کر پائے۔ انہوں نے کہا “لیکن میرے پاس دوسرا پلان ہے، پیسہ ہے، ایک موقع اور دیجیے، اگلے پانچ سال میں ضرور پورا کر دوں گا۔” انہوں نے کہا کہ پہلے کورونا اور پھر پارٹی کے بڑے رہنماؤں کے جیل جانے کی وجہ سے وہ ان وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے
No Comments: