نئی دہلی :کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج ایک بار پھر جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگر 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں وزیر اعظم نریندر مودی جیتنے میں کامیاب ہوئے، تو مستقبل میں انتخابات نہیں ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس مرتبہ لوک سبھا انتخاب میں آئین اور جمہوریت پر خطرہ لاحق ہے۔جھارکھنڈ کے ہزاری باغ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا اور پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر ہمت ہے تو وہ ’اڈانی اور امبانی‘ کو گرفتار کر کے دکھائیں۔‘‘ پھر عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’آئین اور جمہوریت خطرے میں ہے، عوام بھی خطرے میں ہیں۔ اگر آپ کے پاس بنیادی حقوق نہیں رہیں گے تو آپ غلام بن جائیں گے۔ اگر اس مرتبہ مودی جیتے تو مستقبل میں انتخابات نہیں ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں پی ایم مودی نے الزام عائد کیا تھا کہ اڈانی-امبانی نے کانگریس کو ٹیمپو بھر کر نقدی دی تھی تاکہ راہل گاندھی کو ان کے خلاف نازیبا کلمات بولنے سے روکا جا سکے۔ اس بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’آپ نے ہیمنت سورین کو گرفتار کیا، آپ اڈانی اور امبانی کو کیوں گرفتار نہیں کر رہے ہیں؟‘‘ ساتھ ہی کھڑگے نے کہا کہ اگر اپوزیشن اتحاد برسراقتدار ہوا تو مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ گرفتار کیے گئے انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کےس بھی لیڈران کو رِہا کر دیا جائے گا۔
No Comments: