نئی دہلی : انڈیا بلاک نے مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ذریعہ منگل کو پیش کردہ بجٹ کو عوام مخالف اور تفریق آمیز قرار دیا ہے۔ انڈیا بلاک نے اس بجٹ سے متعلق ایک میٹنگ کی جس میں فیصلہ لیا گیا کہ اس بجٹ کے خلاف اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ بدھ کے روز صبح 10.30 بجے پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ اتنا ہی نہیں، اس بات پر بھی غور و خوض ہو رہا ہے کہ انڈیا بلاک کے تمام وزرائے اعلیٰ نیتی آیوگ کی میٹنگ کا بائیکاٹ کریں۔
انڈیا بلاک کی یہ میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کی موجودگی میں ہوئی۔ اس میٹنگ میں انڈیا بلاک کے بیشتر سینئر لیڈران موجود رہے۔ وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے مودی حکومت میں تیسری مدت کار کا پہلا مکمل بجٹ پیش کیا ہےجس میں بہار اور آندھرا پردیش کے کئی پروجیکٹس کے لیے بڑی رقم الاٹ کرنے کا اعلان ہوا ہے۔ غیر بی جے پی حکمراں ریاستوں کو اس بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ہے، اسی لیے انڈیا بلاک کی پارٹیاں اس بجٹ کو تفریق آمیز قرار دے رہی ہیں اور اس کے خلاف مظاہرہ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
No Comments: