نئی دہلی :دہلی میں ہوئی موسلادھار بارش کے بعد جگہ جگہ پانی کا جماؤ جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔ بارش سے متعلق حادثات میں اب تک دہلی میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں سے 3 کی موت انڈرپاس میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی میں بارش فی الحال رکنے والی نہیں ہے، یعنی حالات مزید بدتر ہو سکتے ہیں۔ آئی ایم ڈی نے آئندہ 4 دن تک زوردار بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیرس پور انڈر پاس کے پاس ہفتہ کے روز دو لڑکوں کی ڈوب کر موت ہو گئی۔ علاوہ ازیں اوکھلا انڈر پاس سے گزرنے کی کوشش کر رہے ایک شخص کی بھی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اسٹیشن اوکھلا انڈسٹریل ایریا کو ایک شخص کے پانی میں ڈوبنے کی خبر ملی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ ایک شخص بیہوش ہو کر پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ وہ دراصل اسکوٹر چلا رہا تھا اور انڈرپاس میں ڈوب گیا۔ اس شخص کو فوراً ایمس کے ٹراما سنٹر بھیجا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔
جہاں تک سیرس پور انڈرپاس پر ہوئے حادثہ کی بات ہے، وہاں ایک 12 سالہ لڑکا کی ڈوبنے سے متعلق خبر 2.25 بجے پولیس تھانہ بادلی کو ملی۔ اس کے بعد موقع پر ایک ٹیم روانہ ہوئی۔ موقع پر پہنچ کر پتہ چلا کہ میٹرو کے پاس انڈرپاس میں تقریباً 3-2.5 فُٹ تک پانی بھرا ہوا تھا۔ فائر بریگیڈ نے تلاشی مہم چلائی تو 2 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پہلی نظر میں یہ نہاتے وقت ڈوبنے کا معاملہ معلوم پڑ رہا ہے۔
No Comments: