ہریدوار: ایس ڈی آرایف کے ایک مسلم کانسٹبل نے یہاں ہیرو کی طرح پانچ کانوڑیوں بشمول دو کمسنوں کو علٰحدہ واقعات میں دریائے گنگا میں ڈوبنے سے بچایا۔ہریدوار میں ہر کوئی اسٹیٹ ڈیزاسٹرریسپانس فورس کے ہیڈکانسٹبل عاشق علی کا ذکر کررہا ہے جو ہری کی پوڑی کے قریب کانگڑا گھاٹ پر تعینات تھا۔
منگل کے دن 21 سالہ شیوبھکت مونو جو ہریانہ کے فریدآباد کا رہنے والا تھا کانگڑا گھاٹ پردریائے گنگا کے تیز بہاؤ میں بہنے لگاتو عاشق علی نے ایس ڈی آرایف کے اپنے ساتھی جوانوں کے ساتھ دریا میں چھلانگ لگاکراسے بچانے میں دیرنہیں لگائی۔عاشق علی نے ایک اور کانوڑی 21 سالہ گوند سنگھ کو بھی بچایا جو ریاست کے ضلع ادھم سنگھ نگر کا رہنے والا ہے۔ پیر کے دن عاشق علی نے گورکھپور کے 21 سالہ سندیپ سنگھ دہلی کے 17 سالہ کرن اور پانی پت (ہریانہ) کے 15 سالہ انکیت کو بچایاتھا۔عاشق علی کی مدد ایس ڈی آرایف کانسٹبلس انیل سنگھ کوٹھیال‘ پردیپ راوت‘ شیوم سنگھ اور فائرسرویس کانسٹبل لکشمن چوہان نے کی۔ پی ٹی آئی سے بات چیت میں عاشق علی نے کہا کہ لوگوں کی جان بچانا میرا دھرم ہے۔مجھے جب کوئی پانی میں ڈوب رہا ہوتا ہے تو ذات پات یا مذہب کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔ میرے لئے ڈوبنے والا انسان ہے اور اسے بچانا میرا دھرم ہے۔ ہریدوار کے ایس ایس پی پرمیندردول نے عاشق علی کو میان آف دی ڈے کا ایوارڈ دیا۔
No Comments: