
نئی دہلی ،13اپریل (میرا وطن نیوز )
دہلی اسمبلی کی جانب سے پیر کو ایک اور دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد اسمبلی اسپیکر وجیندر گپتا نے دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچہ کو ایک خط لکھا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ہفتو ں سے اسمبلی کی آفیشل ای میل آئی ڈی کے ساتھ ساتھ ان کی اپنی ذاتی ای میل آئی ڈی کو مسلسل دھمکی آمیز ای میلز موصول ہو رہی ہیں۔ ان ای میلز میں اسمبلی کی عمارت کے اندر بم نصب کرنے اور ایک مقر رہ مدت کے اندر ان کے دھماکے سے متعلق دھمکیاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح 11:12 بجے، سرکاری ای میل آئی ڈی پر ایک ایسا ہی دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جو کہ ایک مختلف ای میل ایڈریس سے شروع ہوا تھا، جس میں اسمبلی کے احاطے میں دھماکہ خیز مواد کے استعمال سے متعلق سنگین دعوے کیے گئے تھے۔
اسمبلی اسپیکر نے خط میں لکھا ہے کہ یہ معاملہ پہلے تحقیقات اور ضروری کارروائی کے لیے بھیجا جا چکا ہے ۔ حالانکہ، ایسی ای میلز کی بار بار موصو ل ہونے سے نہ صرف ادارے کے کام کاج میں خلل پڑ رہا ہے بلکہ عملے میں خوف کی فضا کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہلی اسمبلی ایک اہم جمہوری ادارہ ہے، اور اس پر کوئی بھی خطرہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے – جو خود جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔
اسمبلی کے ا سپیکر اور سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے ان ای میلز کے ماخذ کا پتہ لگانے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کی درخوا ست کی ہے تاکہ اسمبلی کے احاطے کے اندر اور اس کے ارد گرد حفاظتی انتظامات کو فوری طور پر مضبوط کیا جا سکے۔
No Comments: