
نئی دہلی، 8اپریل(میرا وطن نیوز )
عام آدمی پارٹی نے مغربی بنگال کے انتخابات کے سلسلے میں مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ کی زبان پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سمیت دیگر رہنما ¶ ں کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ٹویٹ کی زبان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مکمل طور پر بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہا کہ اب یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں ر ہی کہ الیکشن کمیشن براہِ راست بی جے پی سے ہدایات لے کر اور اس کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔ یہ بات اب سب پر عیاں ہو چکی ہے، جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کر تے ہوئے کہا کہ کم از کم اس طرح کی زبان میں ٹویٹ کر کے اتنے اہم ادارے کی ساکھ کو عوامی سطح پر مجروح نہ کریں۔
دوسری جانب، عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور پنجاب کے انچارج منیش سسودیا نے کہا کہ ایسے الیکشن کمشنر پر لعنت ہے جو کھلے عام بی جے پی کے ترجمان کی طرح پریس کانفرنس کر رہا ہے۔ اس شخص نے آئین اور جمہوریت کے قتل کا ٹھیکہ لے لیا ہے۔
وہیں، پارٹی کے قومی میڈیا انچارج انوراگ ڈھانڈا نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جس طرح سے جواب دیا ہے، وہ انتہائی افسوسناک ہے۔الیکشن کمیشن کا ایکس (ٹوئٹر) ہینڈل دیکھ کر ایک لمحے کے لیے مجھے لگا کہ شاید یہ ہینڈل ہیک ہو گیا ہے۔ ایسا محسوس ہوا کہ کسی نے جعلی طریقے سے اسے ہیک کر کے اس پر پوسٹ کر دی ہو، کیونکہ وہ زبان کسی بھی طرح الیکشن کمیشن کی نہیں لگ رہی تھی۔
No Comments: