
آرٹی آئی ایکٹیوسٹ محمد شاہد گنگوہی نے ایل جی کو خط لکھ کر کیا تھا مطالبہ
نئی دہلی، 15فروری(میرا وطن)
دہلی سرکار کے ایکسائز محکمہ کے ڈپٹی کمشنر تنویر احمد کو دہلی وقف بورڈ کے چیف ایکزیکٹو آفیسر (سی ای او )
کا اضافی ذمے داری سونپی گئی ہے ۔2007بیچ کے تنویر احمد دانکس افسر ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی میونسپل کارپوریشن کے سابق کمشنر اشونی کمار بھی دہلی وقف بورڈ کے سی ای او کی اضافی ذمے داری نبھا رہے تھے ۔پچھلے دنوں اشونی کمار کا تبادلہ دہلی سے باہر کردیے جانے سے یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا ۔قابل ذکر ہے کہ تنویر احمد دوسری مرتبہ دہلی وقف بورڈ کے سی ای او مقرر ہوئے ہیں ،اس سے قبل بھی بورڈ میں وہ اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں ۔
دہلی سرکار نے گزشتہ روز افسروں کے تبادلے اور نئی ذمے داریوں پر مشتمل نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت محکمہ ایکسائز میں بطور ڈپٹی کمشنر کے فرائض انجام دے رہے تنویر احمد کو دہلی وقف بورڈ کے سی ای او کی اضافی ذمے داری سونپی گئی ہے ۔اس سلسلے میں سوشل ورکر اور آرٹی آئی ایکٹیوسٹ محمد شاہد گنگوہی نے بھی دہلی وقف بورڈ کے سی ای او کے خالی عہدے پرجلد تقرری کے لئے ایل جی وی کے سکسینہ کو مکتوب لکھا تھا ۔کیونکہ بورڈ ملازمین ،مساجد کے ائمہ سمیت ضرورت مندوں کے کام رک گئے ہیں ۔
اس موقع پر محمد شاہد گنگوہی نے نئے سی او تنویر احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دہلی وقف بورڈ میں رکے ہوئے کاموں میں تیزی لانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وقف املاک سمیت مساجد ،قبرستان اور مزاروں کے متعلق منفی سوچ کے لوگ فضول میں تنازع کھڑا کر رہے ہیں ۔پچھلے دنوں ترکمان گیٹ واقع مسجد درگاہ فیض الہٰی کا معاملہ بھی اسی منفی سوچ کا حصہ تھا ۔اس سے قبل بھی مزاراوں ،مساجد اور قبر ستانوں پر غیر ضروری کارروائی ہوتے دیکھی گئیں۔شاہد گنگوہی نے کہا کہ اس طرح کے معاملات کو الجھانے کے بجائے باہمی رضا مندی سے حل کئے جانے کی ضرورت ہے،تاکہ معاشرے میں کسی طر ح کی بد امنی نہ پھیل سکے ۔
No Comments: