
کٹک،: ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے جنوبی افریقہ کے خلاف منگل سے شروع ہونے والی ٹی-20 سیریز سے قبل تصدیق کی ہے کہ شبھمن گل اور ہاردک پانڈیا مکمل طور پر صحت مند اور فِٹ ہیں۔سوریہ کمار نے کہا”دونوں گل اور پانڈیا بالکل صحت مند اور فِٹ نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گل کولکاتا ٹیسٹ کے دوران گردن میں اکڑن کی وجہ سے باہر ہوگئے تھے، جبکہ ہاردک پانڈیا ایشیا کپ میں کواڈرائسپس انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ گل نے اپنی چوٹ کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا، لیکن ہاردک نے سید مشتاق علی ٹرافی سے واپسی کی، جہاں انہوں نے میچ میں ایک وکٹ حاصل کی اور مسلسل چار اوور ڈالے۔
بیٹنگ میں بھی انہوں نے پنجاب کے خلاف 42 گیندوں پر 77 رنز بنا کر بڑودا کو 223 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کپتان نے ہاردک کی ٹیم میں موجودگی کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا”آپ نے ایشیا کپ میں بھی دیکھا کہ جب ہاردک نئی گیند سے بولنگ کر رہے تھے تو اس نے ہمارے لیے بے شمار کمبی نیشن کے دروازے کھول دیے تھے۔ ان کا تجربہ، بڑے مقابلوں میں ان کی کارکردگی آئی سی سی اور اے سی سی کی تمام بڑی ٹورنامنٹس میں ہمیں بہت مدد دے گا۔ ان کی موجودگی سے ٹیم میں بہترین توازن آتا ہے۔
شبھمن گل کی ٹیم میں واپسی کے بعد مڈل آرڈر میں جگہ کے لیے سنجو سیمسن اور جیتیش شرما کے درمیان مقابلہ بڑھ گیا ہے۔سوریہ کمار یادو نے واضح کیا کہ اوپنرز کے علاوہ ہر بلے باز کو لچک دکھانی ہوگی۔انہوں نے کہا”جب سنجو ٹیم میں آئے تو انہوں نے اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کی۔ لیکن اوپنرز کو چھوڑ کر باقی سب کو لچک دکھانی ہوگی۔ جب انہوں نے اوپن کیا تو بہترین کارکردگی دکھائی، مگر گل نے ان سے پہلے سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا، اس لیے وہ فطری طور پر اس جگہ کے حق دار ہیں۔ ہم سنجو کو مسلسل مواقع دیتے رہے ہیں اور وہ کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرنے کو تیار رہتے ہیں، جو ٹیم کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
No Comments: